لاہور: ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم ہوگیا، عمر بھٹہ کی قیادت میں ٹیم کل صبح واہگہ بارڈرز کے راستے براستہ امرتسر چنائے روانہ ہوگی۔
ہیڈکوچ شہناز شیخ کو تاحال بھارتی ویزا جاری نہ ہوسکا، ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 3 اگست سے بھارت کے شہر چنائے میں شروع ہوگی، اس میں چھ ٹیمیں کوریا، جاپان، چین، ملائیشیا، پاکستان اور بھارت شرکت کریں گی۔
لاہور میں 6 ہفتوں کے کیمپ میں پاکستانی ٹیم نے بھی اس ایونٹ کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔ کوچز ریحان بٹ اور محمد ثقلین کو یقین ہے کہ لڑکے اچھی پرفارمنس دیں گے۔
ٹیم منیجر عمر صابر کہتے ہیں کہ کھلاڑی کسی بھی ملک کے سفیر ہوتے ہیں، ہم نے اپنے کھلاڑیوں کو اچھے طریقے سے یہ سمجھا بھی دیا ہے۔
ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے اب تک 6 ایونٹ ہوچکے ہیں، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تین تین مرتبہ چیمپئن کا تاج اپنے سر سجا چکی ہیں، 2000 کے ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا گیا تھا۔ آخر بار ایشین چیمپئنز ٹرافی کوریا نے جیتی تھی اور اس بار کورین ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔