دنیا بھر میں موٹے افراد کی تعداد 1 ارب سے زائد ہوگئی

لندن: بین الاقوامی سطح پر ہونے والے حالیہ مطالعے کے مطابق دنیا بھر میں موٹاپے میں مبتلا افراد کی تعداد ایک ارب سے زائد ہوگئی ہے۔
جرنل دی لانسیٹ میں شائع شدہ تحقیق میں بتایا گیا کہ 2022 کے اعداد و شمار کے مطابق 15 کروڑ 90 لاکھ بچے اور نوجوان جب کہ 87 کروڑ 90 لاکھ بڑی عمر کے افراد موٹاپے کے مسئلے سے دوچار ہیں۔
تحقیق میں پیش کردہ ڈیٹا میں دیکھا گیا کہ عالمی سطح پر 1990 سے 2022 تک بچوں اور بڑوں میں موٹاپے کی شرح میں چار گنا اضافہ ہوا جب کہ صرف بڑوں میں یہ اضافہ دُگنا تھا۔
دریں اثنا تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ اسی دوران عالمی سطح پر بڑوں اور بچوں میں کم وزن ہونے کی شرح میں نصف سے زیادہ کمی واقع ہوئی۔
محققین کا کہنا تھا کہ سامنے آنے والے نتائج موٹاپے کو متعدد ممالک میں ناقص غذا کی سب سے عام قسم بتاتے ہیں۔
امپیریل کالج لندن سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے سینئر مصنف پروفیسر ماجد عزتی کا کہنا تھا کہ یہ بات کافی تشویش ناک ہے کہ 1990 کی دنیا میں جو وبا صرف بڑوں تک محدود تھی اب اس سے اسکول جاتے بچے اور نوجوان بھی متاثر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میں ہزاروں لاکھوں افراد غذائی قلت کا شکار ہیں، بالخصوص دنیا کے غریب ترین علاقوں میں۔ دونوں اقسام کے غذائی مسائل سے کامیابی سے نمٹنے کے لیے صحت مند غذا کی دست یابی اور اس کے سستا کیے جانے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔

 

1 billionAbese PeopleAll over the worldNew Research