نیویارک: مس یونیورس آرگنائزیشن نے 2024 کے مقابلے میں سعودی ماڈل کی شرکت کی خبروں کی تردید کردی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مس یونیورس آرگنائزیشن نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ سعودی عرب ابھی تک ان ممالک کی فہرست میں شامل نہیں ہوا جن کی رواں سال کے مس یونیورس مقابلے میں شرکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم فی الحال امیدواروں کو کوالیفائی کرنے اور اس مقابلے کی نمائندگی کے لیے قومی ڈائریکٹر مقرر کرنے سے متعلق سخت جانچ پڑتال کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔
آرگنائزیشن نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ سعودی عرب کو اُس وقت تک مس یونیورس 2024 کے مقابلے میں شرکت کا موقع نہیں ملے گا جب تک اس مرحلے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوجاتا اور جب تک ہماری منظوری کمیٹی اس کی تصدیق نہیں کر دیتی۔
مس یونیورس آرگنائزیشن کی جانب سے یہ بیان سعودی ماڈل رومی القحطانی کی سوشل میڈیا پوسٹ کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے جس میں اُنہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ عالمی مقابلہ حسن 2024 میں شرکت کریں گی۔
خیال رہے کہ انسٹاگرام پر 10 لاکھ فالوورز رکھنے والی سعودی ماڈل رومی القحطانی نے اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب مس یونیورس میں حصہ لے رہا ہے اور اُن کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وہ مس یونیورس 2024 میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گی۔