نیویارک: مسافروں کے لیے زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی سفری سہولتیں بہم پہنچانے والے کو دنیا کا سب سے زیادہ طاقتور پاسپورٹ کا حامل ملک سمجھا جاتا ہے۔
ہر سال مختلف ممالک کی جانب سے مسافروں کو دی جانے والی بین الاقوامی سفری سہولتوں کی بنیاد پر مختلف ادارے ان کے پاسپورٹ کی درجہ بندی کرتے ہیں۔
2006 سے دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے مسافروں کو سفری سہولتیں دینے والے ممالک پر نظر رکھنے والے ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے اس سال بھی طاقتور پاسپورٹ رکھنے والے ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی جاپان کا پاسپورٹ سب سے زیادہ طاقتور ہے اور جاپانی پاسپورٹ کے حامل افراد 193 ممالک میں بغیر ویزے یا ایئرپورٹ پر پہنچ کر ویزا حاصل کرنے جیسی سفری سہولتوں سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
انڈیکس کے مطابق اس سال بھی دوسرے نمبر پر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ سنگاپور کا ہے، جس کے مسافروں کو 192 ممالک میں ویزا فری یا ویزہ آن ارائیول کی سہولتیں حاصل ہیں جب کہ جنوبی کوریا اور جرمنی 191 ممالک میں سفری سہولتوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
انڈیکس کے مطابق پاکستان کو سفری سہولتوں کی درجہ بندی کے اعتبار سے 113 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے اور پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے 32 ممالک میں سفری سہولتیں حاصل کرسکتے ہیں۔
سوئٹزرلینڈ، بیلجیئم اور نیوزی لینڈ کے پاسپورٹس کی درجہ بندی میں تنزلی ہوئی ہے اور 2014 میں طاقتور پاسپورٹس رکھنے والے ممالک کے مسافروں کو حاصل سفری سہولتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔
ہینلے انڈیکس کے مطابق چین اور متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹس تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہیں، چین 22 درجے بہتری کے بعد 90 نمبر سے 68 پر آگیا جب کہ یو اے ای بھی لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 65 ویں نمبر سے 15 ویں نمبر پر آگیا ہے۔