پاک افواج کے شہدا اور غازی ہمارے قومی ہیرو

محمد راحیل وارثی

یہ ناقابل تردید حقیقت ہے کہ دُنیا میں شر ہمیشہ حق کے سامنے بدترین شکست کھاتا ہے۔ حالیہ دنوں میں بھارت کی مودی سرکار کا شر معرکہ حق کی تاب نہ لاتے ہوئے بُری طرح ڈھیر ہوا ہے۔ پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش میں دُنیا بھر میں بھارت کی تاریخی رُسوائی ہوئی ہے۔

بھارت بھر میں سوگ کی کیفیت ہے۔ پہلگام ڈرامہ رچایا گیا۔ مودی سرکار اور بھارتی میڈیا نے فوری اس کا الزام پاکستان پر دھر دیا۔ کوئی ثبوت پیش نہ کیے جاسکے۔ پاکستان نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، جسے مودی سرکار کسی خاطر میں نہ لائی۔ بھارت شاید اپنی نام نہاد عسکری قوت اور جدید ترین طیاروں، ہتھیاروں کے زعم میں مبتلا تھا، مودی کو یقین تھا کہ جیسے اب وہ پاکستان کو شکست دینے میں کامیاب رہے گا، لیکن اُس کی یہ خوش فہمی 10 مئی کی علی الصبح افواج پاکستان نے آپریشن بُنیان مرصوص کے ذریعے حملہ کرتے ہوئے ہوا کردی۔ اس تاریخی چھترول پر مودی کا سیاسی کیریئر کا جہاز بھی غرقاب ہوا۔ قبل ازیں مسلسل چار روز تک بھارت پاکستان پر حملے کرتا رہا، جسے ہماری بہادر افواج انتہائی جانفشانی اور مہارت سے ناکام بناتی رہیں۔ اس دوران بھارت کے پانچ جنگی جہاز مار گرائے گئے، جن میں ناقابلِ شکست تصور کیا جانے والے فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ بھارت کی جانب سے بھیجے گئے درجنوں ڈرونز کو بھی مار گرایا گیا۔

آپریشن بُنیان مرصوص کے بعد بھارتی حکومت، افواج، میڈیا اور عوام سوگ میں ڈوبے ہوئے تھے۔ گزشتہ روز مودی نے اپنی ساکھ بچانے کے لیے شرانگیز اور جھوٹے بیانیہ کو پیش کیا، یہ تاریخی ہار کے بعد اپنی جھینپ مٹانے کی ایک ناکام کوشش تھی۔ پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے اس بیان کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارتی رویے پر گہری نظر ہے، عالمی برادری نوٹس لے جب کہ وفاقی وزرا نے بھارت کو عالمی دہشت گرد قرار دیا ہے، کہا گیا ہے کہ شواہد ہمارے پاس محفوظ ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔ دوسری جانب پاک بھارت کے درمیان اب سفارتی لڑائی بھی شروع ہوگئی ہے۔ پاکستان اور بھارت ہائی کمیشنز کا ایک ایک اہلکار ناپسندیدہ شخصیت قرار دے دیا گیا اور ملک چھوڑنے کے حکم بھی صادر کردیے گئے۔ پاک افواج نے مئی کی لڑائی کو معرکۂ حق قرار دیا ہے۔ اس میں وطن کا تحفظ کرتے ہوئے 13 جوان شہید ہوئے جب کہ بھارتی وحشیانہ حملوں میں 40 شہریوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔


دو روز قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے معرکہ حق کے دوران شہدا اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کی گئی تھیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے 6 اور 7 مئی کو بلااشتعال اور قابل مذمت وحشیانہ حملے شروع کیے، جن میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی حملوں میں 40 عام شہری شہید ہوئے، جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل تھے، بھارتی حملوں سے 27 بچوں اور 10 خواتین سمیت 121 افراد زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستانی مسلح افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جب کہ مسلح افواج کے 78جوان زخمی ہوئے۔ مادر وطن پر قربان ہونے والوں میں آرمی کے 6 اور فضائیہ کے 5 اہلکار شامل ہیں۔ شہید ہونے والے جوانوں میں نائیک عبدالرحمان، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبر اور سپاہی نثار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق اور سینئر ٹیکنیشن مبشر بھی شہدا میں شامل ہیں۔ ٟبعدازاں بدھ کو دو زخمی جوان جام شہادت نوش کرگئے۔ پاک افواج کے شہدا کی تعداد 13 ہوگئی۔ٞ آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہدا قوم کا فخر ہیں، شہدا کی عظیم قربانی، ہمت، لگن اور غیر متزلزل حب الوطنی کی لازوال علامت ہے، شہدا کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، قوم جارحیت کے سامنے پُرعزم ہے، اس میں کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیے۔ پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آئندہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ دوسری طرف آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کو دھول چٹائی، پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی میں بھارتی لڑاکا طیارے کہاں کہاں گرے، اس کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارتی لڑاکا طیارے مختلف علاقوں میں گر کر تباہ ہوئے جب کہ بھارتی فضائیہ کے طیاروں کے پائلٹ زخمی یا لاپتا بھی ہوئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک بھارتی طیارہ اننت ناگ میں گر کر تباہ ہوا جب کہ بھارتی پائلٹ کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ اسی طرح بھارتی فضائیہ کا دوسرا طیارہ پلوامہ میں گر کر تباہ ہوا، پلوامہ میں دونوں پائلٹس شدید زخمی حالت میں سری نگر اسپتال منتقل کیے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فضائیہ کا تیسرا طیارہ اکھنور میں گرا جب کہ دونوں پائلٹس کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی طیارے کی ایجکشن سیٹ پہی گاڈول کوکرناگ کے علاقے سے ملی۔ اسی طرح چوتھا بھارتی لڑاکا طیارہ ضلع رام بن میں گر کر تباہ ہوا جب کہ طیارے کے پائلٹ اقبال سنگھ کو آرمی اسپتال ادھم پور منتقل کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فضائیہ کا 5واں طیارہ بھٹنڈا کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا جب کہ بھارتی ہیرون ریموٹ پائلٹڈ وہیکل جموں کے مشرق میں 13 ناٹیکل میل دور گری۔ دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے لیے تباہی شدید دھچکا ثابت ہوئی، آپریشن بنیان مرصوص بھارتی فضائیہ کی مکمل ناکامی ظاہر کرتا ہے۔
ملک پر مر مٹنے والے شہدا قوم کا فخر اور ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے دشمن سے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کردیں۔ محب وطن عوام ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ہماری افواج نے بھارت کو دھول چٹائی اور اس کی تمام خوش فہمیاں دُور کردی ہیں۔ مودی کے غرور کو پاش پاش کر ڈالا ہے۔ آئندہ بھی اگر بھارت نے کوئی ایسی ویسی حرکت کی تو تب بھی اسے منہ کی کھانی پڑے گی اور بڑی رُسوائی سے واسطہ پڑے گا، کیونکہ پاکستان کو بے شمار بہادر سپوتوں کی خدمات حاصل ہیں، جو دشمن کی اینٹ سے اینٹ بجادینے کی پوری اہلیت رکھتے ہیں۔ یہ غازی اور شہید ہمارے اصل قومی ہیروز ہیں۔

GhaziIndiamartyredMay WarModiOur National HeroesPakistanPakistan Armed ForcesPakistan wins