پاکستان لرننگ فیسٹیول 2023 کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا

کراچی: عوامی مقبولیت کے حامل پاکستان لرننگ فیسٹیول (پی ایل ایف) 2023 کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔ ہفتے کو ایک پُرہجوم پریس کانفرنس کے ذریعے اس فیسٹیول کا اعلان کیا گیا، جس میں ناصرف میڈیا بلکہ فیسٹیول میں شریک ہونے والے بہت سے ممتاز مقررین نے بھی شرکت کی۔
اس سال پاکستان لرننگ فیسٹیول جو قبل ازیں چلڈرن لٹریچر فیسٹیول (سی ایل ایف) کے نام سے جانا جاتا تھا، ہر طبقہ فکر کے حاضرین کی دلچسپی کے مطابق منعقد کیا جارہا ہے۔ یہ فیسٹیول مثبت سماجی سرمایہ پیدا کرنے، سیکھنے، پڑھنے، شخصی اظہار اور تنقیدی سوچ کو مضبوط کرنے کا سبب بنے گا۔ یہ فیسٹیول تربیت کے متعدد طریقوں کا احاطہ کرتا ہے، جو کثیر الشعبہ نقطۂ نظر پر فخر کرتا ہے، یہ فیسٹیول کسی ایک نہیں بلکہ مختلف زبانوں کے حامل افراد کے لیے پُرکشش ہے اور اپنی اس صلاحیت پر فخر کرتا ہے۔ فیسٹیول کے اجراء کا مقصد ہر عمر کے شرکاء (3 سال تا 18 سال کی عمر کے بچے)، اساتذہ، کالج اور یونیورسٹی کے طلباء کی دلچسپی کو ملحوظ خاطر رکھا جارہا ہے۔
پریس کانفرنس کے نمایاں مقررین میں پی ایل ایف کی بانی بیلہ رضا جمیل، احمد شاہ، رومانہ حسین، ڈاکٹر فوزیہ خان، مہتاب اکبر راشدی، امینہ سید، سحرش فاروق، شیما کرمانی اور عافیہ سلام شامل تھیں۔ ایسے مستند ناموں کی موجودگی نے بلاشبہ پی ایل ایف کی اہمیت اور پاکستان میں تعلیم اور انفرادی ترقی کے لیے اس کی اجتماعی وابستگی کو اجاگر کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیلہ رضا جمیل نے کہا، ہم پاکستان لرننگ فیسٹیول کو چلڈرن لٹریچر فیسٹیول کے ساتھ اپنی پچھلی کامیابی کے ارتقاء کے طور پر متعارف کراتے ہوئے بہت پُرجوش ہیں۔ ہمارا مقصد ہر عمر کے افراد کو تعلیم و تربیت ذریعے بااختیار بنانا، زندگی بھر سیکھنے کی سوچ اور تنقیدی سرگرمیوں کے لیے وقف ایک کمیونٹی کو فروغ دینا ہے۔ پی ایل ایف ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو بچوں اور بڑوں میں یکساں تجسس اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان لرننگ فیسٹیول 2023 تین بڑے شہروں میں درج ذیل تاریخوں پر منایا جائے گا:
کراچی میں 7 اور 8 نومبر 2023، 09:00صبح سے سہہ پہر 3:00بجے، بمقام آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں یہ فیسٹیول منعقد ہوگا۔
اسلام آباد میں 28 اور 29 نومبر 2023 کو 09:00صبح سے سہہ پہر 3:00 بجے پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔
لاہور میں 19 اور 20 دسمبر 2023 کو 09:00صبح سے سہہ پہر 3:00بجے، چلڈرن لائبریری کمپلیکس لاہور میں یہ فیسٹیول منعقد ہوگا۔
اس فیسٹیول کے تحت ایک بھرپور اور متنوع پروگرام پیش کیا جائے گا، جس میں انٹرایکٹو ورکشاپس، پُرکشش پینل مباحثے، تخلیقی نمائشیں، کہانی سنانے کے سیشنز اور حاضرین کی فکری اور فنکارانہ صلاحیت کو ابھارنے کے لیے ڈیزائن کی گئی بے شمار تعلیمی سرگرمیاں شامل ہیں۔ فیسٹیول کے دوران بچوں کی 15نئی کتابیں لٹریسی پروجیکٹ (پی ایل پی) کے ذریعے متعارف کرائی جائیں گی، جس کا آغاز ادارہ تعلیم و آگاہی (آئی ٹی اے) اور روم ٹو ریڈ کی جانب سے کیا جارہا ہے۔ نیشنل بک فاﺅنڈیشن مقبول بکس اور الف لیلیٰ کتب اردو میں بچوں کی 15 تصویری کتابیں (ریڈرز) تیار کرنے کے معاونین ہیں، جس کا مقصد قومی زبان کا وسیع تر فروغ ہے۔ یہ 15 کہانیاں 15 حیرت انگیز اور معروف پاکستانی مصنفین نے لکھی ہیں اور 15 باصلاحیت مصوروں نے ان کی تصویر کشی کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا، جاری بحران سے نمٹنے کے لیے کہانی سنانے کا ایک مشترکہ سیشن ہوگا جس میں ایک فلسطینی مصنف کی تحریر کردہ تصنیف سیٹی کا پرندہ: ایک غزہ کی کہانی بھی شامل ہے۔ یہ کہانی رومانہ حسین اور بینا شاہ بچوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے پڑھیں گی۔
شراکت داروں، معاونین اور حامیوں کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کے ساتھ، پاکستان لرننگ فیسٹیول 2023 ملک کے تعلیمی اور ثقافتی کیلنڈر میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے کا عزم رکھتا ہے۔
یہ فیسٹیول شرکاء کو دریافت کرنے، حصول علم اور سیکھنے کی خوشی منانے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔
اس پُروقار تقریب کا انعقاد برٹش کونسل، یونیسیف، حبیب میٹرو، سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور چند دیگر اداروں کے فراخ دلانہ تعاون سے کیا جارہا ہے۔
مزید معلومات کے لیے تراب علی رمزی اسٹار لنکس پی آر اینڈ ایونٹس، فون

0300 2000144، ای میل: turab.ramzi@starlinks.pk پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

Dates AnnounceIslamabadkarachiLahorePakistan Learning Festival