سمندر میں زندگی گزارنے کے شوقین جوڑے نے ساری جائیداد بیچ ڈالی

فلوریڈا: کہتے ہیں شوق کا کوئی مول نہیں، یہ محاورہ ریاست متحدہ امریکا سے تعلق رکھنے والے شادی شدہ جوڑے پر حرف بہ حرف صادق آتا ہے، جنہوں نے دنیا بھر میں پھرنے والے کروز میں زندگی گزارنے کے لیے اپنی تمام جائیداد بیچ ڈالی۔
امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے جان (76 سالہ) اور میلوڈی ہینیسی (64 سالہ) نے کروز میں زندگی گزارنے کے منصوبے کے تحت اپنی تمام جائیداد فروخت کردی۔ جوڑے کا خیال ہے اس طرح زندگی گزارنا زمین پر زندگی گزارنے سے بہت سستا ہے۔
امریکی جوڑے نے اپنے کاروبار اور گھر سمیت اپنی ملکیت میں شامل قریباً ہر چیز فروخت کرنے کے بعد پورے امریکا میں گھومنے کے لیے موٹر ہوم (ٹرک پر بنا چلتا پھرتا گھر) خریدا۔
بعدازاں جان موٹر ہوم چلاکر جب تھکنے لگے تو جوڑے نے فیس بک پر 274 روزہ کروز کا اشتہار دیکھا اور تب ان کے سمندر پر مستقل زندگی گزارنے کے سفر کا آغاز ہوا۔
جوڑا فی الحال ڈومینکن ری پبلک کے اطراف کروز کررہا ہے جو ان کے طویل مدتی سفر کا ایک حصہ ہے۔ اس سفر میں وہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی بحرالکاہل جاچکے ہیں۔
جوڑے کے مطابق جہاں ان کی نئی زندگی زیادہ دلچسپ ہے وہیں زیادہ سستی بھی ہے۔ یہ جوڑا اپنی نئی زندگی سے مطمئن اور خوش نظر آتا ہے۔

CoupleLive by the SeaSold Entire PropertyUnited states of America