ریجینا: تھمبس اپ ایموجی کی وجہ سے پیدا ہونے والی ایک معمولی سی کنفیوژن پر کاشت کاری کمپنی کے مالک پر قریباً 62000 ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبے سسکیچوان کی ایک عدالت نے کاروبار میں معاہدے کی شرائط قبول کرنے کیلئے تھمبس اپ کی تصویر کو کافی قرار دیتے ہوئے ایک مالک پر قریباً 62000 ڈالرز کا جرمانہ عائد کیا۔
کاشت کاری کمپنی کے مالک کرس ایکٹر کو ایک اناج خریدار نے فلیکس خریدنے کے معاہدے کی تصویر بھیجی تھی، جس کے جواب میں کرس نے انگوٹھے کا ایموجی بھیجا تھا، تاہم مہینوں بعد جب ڈیلیوری کا وقت آیا تو اناج خریدار کو فلیکس نہیں ملا۔
اس پر ایک تنازع کھڑا ہوا جو عدالت میں پہنچا۔ خریدار نے جج کے سامنے دلیل پیش کی کہ ایموجی کا مطلب ‘OK’ ہوتا ہے، یعنی معاہدے کی شرائط منظور اور سودا پکا ہے۔
دوسری جانب کمپنی کے مالک نے کہا کہ اس نے انگوٹھے کی تصویر کا استعمال صرف یہ بتانے کے لیے کیا کہ اسے میسج مل گیا ہے۔
عدالت میں مذکورہ بالا ایموجی کی 24 مثالوں پر مشتمل ایک سمری پیش کی گئی، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے جج نے کہا کہ اس ایموجی کا عام طور پر مطلب کسی بات پر اتفاق کرنا یا قبول کرنا ہوتا ہے۔ کرس نے انگوٹھے کی تصویر بھیج کر ایک طرح سے معاہدے کی شرائط کو قبول کرلیا تھا، لہٰذا دستخط کی ضرورت کو کرس نے اپنے فون سے تھمبس اپ ایموجی سے پورا کرلیا۔