اسلام آباد: پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استعمال کے لیے مختص کی گئی دو لگژری سرکاری گاڑیاں واپس کردیں۔
رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے سیکرٹری کابینہ اور چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھا گیا ہے۔
خط کے متن کے مطابق چیف جسٹس کے علم میں آیا ہے کہ سپریم کورٹ نے چیف جسٹس کے لیے ستمبر 2020 میں لگژری گاڑیاں خریدی تھیں جن کی مالیت 6 کروڑ 10 لاکھ روپے ہے۔
خط میں کہا گیا کہ چیف جسٹس کے لیے ایک بالکل نئی بلٹ پروف لگژری گاڑی بھی حکومت پنجاب نے دی، دونوں گاڑیاں جی او آر لاہور میں سپریم کورٹ ریسٹ ہاؤس میں کھڑی ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا کہ قواعد کے مطابق چیف جسٹس اور ہر جج کو 2، 2 گاڑیاں دی گئی ہیں لیکن چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ یہ لگژری گاڑیاں استعمال نہیں کررہے، آئینی اور عوامی عہدیداروں کے استعمال میں قیمتی امپورٹڈ گاڑیاں قومی خزانے پرغیر مناسب بوجھ ہیں، اسی لیے چیف جسٹس کی ہدایت ہے کہ دونوں گاڑیاں فروخت کرکے رقم پبلک ٹرانسپورٹ پر خرچ کی جائے۔