آگرہ: بی جے پی کے مُردہ قرار دیے گئے رہنما اپنی آخری رسوم کے دوران جی اُٹھَے، بی جے پی کے سابق مقامی صدر مہیش بگھیل اسپتال میں مختصر علالت کے بعد چل بسے، تاہم اس کے آدھے گھنٹے بعد جب آخری رسوم ادا کی جارہی تھیں تو انہوں نے آنکھیں کھول دیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حیران کن واقعہ آگرہ میں پیش آیا۔ حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر مہیش بگھیل کی موت کی خبر سن کر پارٹی کارکنان کے ساتھ رہنما بھی جمع ہوگئے تھے۔
مہیش بگھیل کی آخری رسوم کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔ جب انہیں شمشان گھاٹ لے جایا گیا تو چتا جلانے سے کچھ لمحے پہلے بی جے پی رہنما کے جسم نے جنبش لی۔
جس پر اہل خانہ سمیت شرکاء کے خوشی اور حیرت کے ملے جلے جذبات دیکھنے کو ملے۔ مہیش بگھیل کو دوبارہ اسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں آکسیجن دی گئی۔ وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مہیش بگھیل پھیپھڑوں کے شدید انفیکشن کا شکار ہیں اور اس وقت ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم کی زیر نگرانی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہیں۔