لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ ابھی ہمیں ٹیسٹ کرکٹ کے لیے کھلاڑیوں کی تلاش ہے، نوجوان کرکٹرز کا سینئرز کو چیلنج کرنا خوش آئند ہے۔
وقار یونس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ آہستہ آہستہ نوجوانوں کو موقع دیا جارہا ہے اور وہ ٹیموں کا حصہ بن رہے ہیں، تاہم حقیقت یہ ہے کہ ابھی ہمیں ٹیسٹ کرکٹ کے لیے کھلاڑیوں کی تلاش کی ضرورت ہے، ابھی ڈومیسٹک کرکٹ ہورہی ہے تو مجھے امید ہے اس پر سب سلیکٹرز اور کوچز کی نظریں ہوں گی اور کھلاڑی تلاش کریں گے، وائٹ بال کی نسبت ٹیسٹ کرکٹ میں ہمیں محنت کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں تو چاہوں گا کہ نیوزی لینڈ جانے سے قبل کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں اور لمبی طرز کی کرکٹ کے عادی ہوں تاکہ نیوزی لینڈ میں انہیں آسانی ہو۔ وقار یونس نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کے چیلنج کرنے سے سینئرز کی کارکردگی بھی بہتر ہوئی ہے۔