کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لیاری میں عمارت گرنے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 80 گز کا پلاٹ دینے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ عمارت گرنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ کا کمیٹی بنانا خوش آئند ہے، ڈی جی ایس بی سی اے کو برطرف کیا گیا ہے، لیکن چہرے بدلنے سے نظام ٹھیک نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ لیاری بغدادی میں عمارت گرنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 80 گز کا پلاٹ دینے کا اعلان کرتا ہوں، لیاری کے عوام کو مایوس نہیں کروں گا، ان کے لیے ایوان میں آواز اٹھاؤں گا، جوخاندان بے گھر ہوئے ہیں انہیں راشن فراہم کریں گے۔
کامران ٹیسوری نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت 6 مہینے کا کرایہ اور اسی علاقے میں متاثرین کو گھر لے کردے۔
خیال رہے کہ کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں گزشتہ ہفتے ایک 5 منزلہ عمارت منہدم ہوئی جس میں 6 خاندان رہائش پذیر تھے جب کہ حادثے میں اب تک 27 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔