کراچی: ملک کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی پر بننے والی ٹیلی فلم کا ٹیزر جاری کردیا گیا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے اس میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی پر بننے والی ٹیلی فلم ’’ایک ہے نگار‘‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا، فلم میں ماہرہ خان نے نگار جوہر کا مرکزی کردارادا کیا ہے۔ یہ فلم پاک فوج کی پہلی تھری اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی پاکر ملک کی پہلی لیفٹیننٹ جنرل خاتون نگار جوہر کی زندگی پر مبنی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کی پہلی خاتون سرجن جنرل بھی تعینات ہوئیں۔
نگار جوہر شان دار سرجن ہیں جنہوں نے اپنی زندگی لگن کے ساتھ میڈیکل کے شعبے میں کام کرتے ہوئے گزاری۔ وہ اس شعبے سے 1985 سے وابستہ ہیں۔ ٹیلی فلم میں نگار جوہر کا کردار ماہرہ خان نے ادا کیا ہے جب کہ ان کے مقابل اداکار بلال اشرف مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔
ٹیلی فلم کا ابتدائی حصہ آرمی میڈیکل کالج میں شوٹ کیا گیا ہے جس میں نگار جوہر کی طالب علمی کی زندگی اور اس کے بعد پیشہ ورانہ زندگی کو دکھایا جائے گا۔ ٹیزر میں ماہرہ خان نگار جوہر کے کردار میں بہت باوقار نظر آرہی ہیں۔
ٹیلی فلم ’’ایک ہے نگار‘‘ کی کہانی عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے۔ فلم کی ہدایت عدنان سرور نے دی جب کہ نینا کاشف اور ماہرہ خان کی پروڈکشن کمپنی سلفری فلمز کے بینر تلے اس فلم کو تیار کیا گیا ہے۔
ماہرہ خان نے فلم کا ٹیزر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے نگار جوہر کا کردار ادا کرنے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نگار جوہر کی زندگی کی کہانی کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کیا زندگی ہے، کیا کہانی ہے۔ نگار جوہر کی زندگی کے متعلق جاننا ایسا ہے جیسے ہمارے درمیان موجود عظیم ترین چیزوں میں سے ایک کو جاننا۔ اس کے علاوہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے اس فلم کے ذریعے لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یہ ٹیلی فلم نجی ٹی وی چینل پر پیش کی جائے گی، تاہم ابھی تک اس کی ریلیز کی تاریخ منظرعام پر نہیں آئی۔