لاہور: پاکستانی شائقین کے لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے مقابلے دیکھنے کے لیے بھارتی دروازے کھلنے کا امکان ہے۔
ویزوں کی وجہ سے پاکستان ویمن ٹیم کا دورئہ بھارت منسوخ ہو گیا تھا، اس بدمزگی کے بعد رواں سال اکتوبر، نومبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پی سی بی نہ صرف کرکٹرز اور معاون اسٹاف بلکہ صحافیوں و شائقین کیلیے بھی ویزوں کی یقین دہانی چاہتا ہے۔
گزشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین احسان مانی نے کہا تھا کہ اگر تحریری یقین دہانی نہ کروائی گئی تو ہم آئی سی سی سے میگا ایونٹ یواے ای منتقل کرنے کا مطالبہ کرنے میں حق بجانب ہوں گے، اتوار کو ایک بھارتی اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممبرز ایگریمنٹ کے تحت ویزوں کا اجرا میزبان بورڈ کی ذمے داری ہے۔
اس ضمن میں آئی سی سی کی جانب سے خط لکھے جانے کے بعد اب بی سی سی آئی کی طرف سے جواب کا انتظار کیا جارہا ہے، بھارتی بورڈ ہر بار اپنی حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کا جواز پیش کرتا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق اب اس ضمن میں مثبت پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، گزشتہ دنوں سرحدوں پر فائر بندی کا معاہدہ ہونے کے بعد دونوں ملکوں میں سیاسی کشیدگی بھی کم ہوئی ہے، اس کے نتیجے میں ویزے جاری کیے جانے کے امکانات میں بھی اضافہ ہوگیا۔
بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے کہا کہ ویزوں کا اجرا حکومت کی صوابدید ہے، اگر اجازت مل گئی تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، دوسری جانب یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کورونا وبا کی وجہ سے غیر معمولی حالات ہیں، ان حالات میں کوئی ملک شائقین کے ویزوں کے بارے میں یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔