سڈنی ٹیسٹ: پاکستان کو مشکلات، دوسری اننگز میں 68 رنز پر 7 آئوٹ

سڈنی: سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی، دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 68 رنز بنالیے، قومی ٹیم کو کینگروز پر 81 رنز کی برتری حاصل ہے۔
سڈنی میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پہلی اننگز پھر سے 2 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز سے شروع کی، مارنس لبوشین اور اسٹیو اسمتھ ٹیم کے اسکور میں 71 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے، تاہم 187 کے مجموعی اسکور پر اسمتھ پاکستانی بالرز کا شکار بنے، انہوں نے 38 رنز اسکور کیے جب کہ ٹریوس ہیڈ 10 رنز کے مہمان ٹھہرے۔
ایلکس کیری اور مچل مارش نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم کیری 38 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ مچل مارش نے 54 کی رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی وکٹ گرتے ہی پاکستانی بولرز نے کینگروز کو سنبھلنے کا موقع بھی نہ دیا، نتھین لائن 5، جوش ہیزل ووڈ اور کپتان پیٹ کمنز صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 5، آغا سلمان نے 2 جبکہ میر حمزہ اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ایک مرتبہ پھر عبداللہ شفیق صفر پر پویلین روانہ ہوئے جب کہ کپتان شان مسعود گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔ تیسری وکٹ کے لیے بابراعظم اور صائم ایوب نے 55 رنز کی شراکت داری قائم کی، تاہم صائم کی مزاحمت 33 رنز پر سمٹ گئی اور بابراعظم 23 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
آسٹریلوی بولر جوش ہیزل ووڈ نے ایک اوور میں سعود شکیل، ساجد خان اور آغا سلمان کی وکٹیں لے کر پاکستانی بیٹنگ لائن کو زمین بوس کردیا، محمد رضوان 6 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 4 جب کہ نتھین لائن، مچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Pakistan 7 out 68 RunsPakistan tour of AustraliaSydney TestThird day