ملک بھر میں چینی کی فی کلو قیمت میں ہوشربا اضافہ

اسلام آباد: ملک بھر میں چینی کی فی کلو قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی پریشان شہریوں کی تکالیف مزید بڑھ گئی ہیں۔
شہر قائد کراچی میں چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت 135 روپے تک پہنچ گئی ہے جب کہ ہول سیل مارکیٹ میں اس کی قیمت 124 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
لاہور میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی کے نرخ 120 سے 124 روپے تک ہو گئے ہیں جس کے بعد ریٹیل میں چینی 130 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
پھولوں کے شہر پشاورمیں کریانہ اسٹور پر چینی فی کلو 140 سے 145 روپے تک میں فروخت ہو رہی ہے۔
کوئٹہ میں دو دن کے اندر چینی کی قیمت میں دس روپے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد چینی کی فی کلو قیمت 135 روپے ہو گئی ہے۔
مارکیٹ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ 50 کلو کی بوری 6 ہزار 400 روپے میں خرید کر لاتے ہیں تو اسی حساب سے فروخت کریں گے۔
ملک کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے صارفین کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ پہلے ایک دو روپے فی کلو قیمت بڑھا کرتی تھی جب کہ اب تو ایک ساتھ 20/30 روپے بڑھ جاتے ہیں۔

Sugar prices rise sharply across the country