بیروت: لبنان سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹبالر محمد احمد عتوی اندھی گولی کی زد میں آگئے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق فٹبالر محمد احمد عتوی بیروت دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے فائر فائٹر کی نماز جنازہ میں شریک تھے کہ اس دوران اچانک گولی ان کے سر میں آلگی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ جنازے کے دوران فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کوئی دہشت گردی نہیں بلکہ شادی اور جنازے سمیت دیگر بڑی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ لبنان کی ثقافت ہے جس کی وجہ سے جنازے میں بھی بڑے پیمانے پر فائرنگ ہوئی اور کئی افراد اندھی گولیوں کا نشانہ بنے۔
عرب میڈیا کے مطابق 27 سالہ فٹبالر محمد احمد کو انتہائی تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے فوری آپریشن کرکے گولی نکالی تاہم اندرونی طور پر خون بہنے کی وجہ سے ان کی حالت تشویش ناک ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ محمد احمد عتوی کو پانچ گھنٹے کے آپریشن کے بعد آئی سی یو منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت پہلے سے کچھ بہتر ہے۔