نیویارک: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ طالبان پاکستان کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گرد گروپوں کو روکیں۔
انتونیو گوتریس نے نیویارک میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم طالبان حکام کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں، طالبان پاکستان کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گرد گروپوں کو روکیں اور پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گرد سرگرمی کی اجازت نہ دیں۔
گوتریس نے کہا کہ افغان حکومت میں تمام نسلی گروہوں کی شمولیت ضروری ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی حمایت کے لیے عالمی برادری کو متحرک کرنے کے لیے پُرعزم ہوں، پاکستان میں دیکھا، میرے اپنے ملک سے تین گنا زیادہ علاقہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، وہاں سیلاب سے فصلوں، مویشیوں، گھروں کو اور جانی نقصان ہوا ہے، لہٰذا عالمی برادری کی بنیادی ذمے داری ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کرے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں میں پاکستان کا کردار بہت ہی کم ہے، عالمی برادری 9 جنوری کو پیرس میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کی حمایت کرے۔