کراچی: وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی صدارت میں صوبے بھر میں انسداد پولیو مہم اور کورونا ویکسین صورت حال پر اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سیکریٹری صحت کاظم جتوئی، پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت قاسم سومرو، ای او سی کوآرڈی نیٹر فیاض جتوئی اور صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیر صحت عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع میں ٹارگٹڈ پولیو کوریج کو ہر صورت میں ممکن بنایا جائے۔ جن علاقوں میں ٹارگٹڈ بچے موجود نہیں ان کی نشان دہی کرکے پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے۔
انہوں نے کہا تمام اضلاع کورونا ویکسین کے عمل کو تیز کریں، اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں رہیں، اُن کا کہنا تھا کہ کورونا کی چوتھی لہر کا خطرہ ہے، ڈیلٹا ویریئنٹ کے پیش نظر جلد سے جلد ویکسین کا دائرہ کار بڑھایا جائے۔
عذرا پیچوہو نے کہا، انڈسٹریز کو بتایا جائے کہ ممکنہ چوتھی لہر کی صورت میں دوبارہ لاک ڈائون سے بچنے کے لیے اپنے ورکرز کو ویکسین کروالیں، عملے کی ویکسین کرانے والی فیکٹریز کو ہی چلنے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کی سہولت نادرا سینٹرز پر بھی انتظامات کیے جائیں، تاکہ ویکسین کی زیادہ سے زیادہ کوریج ہوسکے۔
ویکسین کے مرحلے میں میڈیکل اور پیرامیڈیکل فائنل ایئر کے طلبہ کی مدد لی جائے۔
ویریئنٹ سے بچنے اور معمولات زندگی بحال رکھنے کے لیے ویکسی نیشن لازمی ہے، جن اضلاع میں ویکسی نیشن ٹارگٹ کو پورا نہیں کیا جائے گا، وہاں کے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔