لاہور: سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں بیدردی سے قتل کیے جانے والے سری لنکن فیکٹری منیجر کی باقیات سری لنکا روانہ کردی گئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سری لنکن شہری کی ڈیڈباڈی پوسٹ مارٹم کے بعد لاہور کے ایک نجی اسپتال میں رکھی گئی تھی، جہاں سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچائی گئی اور سری لنکا روانہ کردی گئی، ڈیڈ باڈی کو ایئرلنکا کی پرواز یو ایل 186 سے روانہ کیا گیا۔
وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی اور پنجاب کے وزیر برائے انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹن نے پریانتھا کمارا کی ڈیڈ باڈی روانہ کی، اس موقع پر سری لنکن سفارت خانے کے حکام بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سری لنکن شہری کی ڈیڈباڈی کو سری لنکا روانہ کرنا تھا تاہم اسلام آباد میں مصروفیات کے باعث وہ ایئرپورٹ نہ پہنچ سکے۔
سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو چار روز قبل سیالکوٹ میں فیکٹری ملازمین نے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ہلاک کردیا اور اس کی لاش کو آگ لگادی گئی تھی۔