کراچی: سماجی رہنما ایڈووکیٹ جبران ناصر بخیریت گھر پہنچ گئے۔
جبران ناصر کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ڈی ایچ اے فیز 5 سے دس سے پندرہ مسلح افراد اپنے ہمراہ لے گئے تھے، ان کے اغوا کا مقدمہ تھانہ کلفٹن میں ان کی اہلیہ منشا پاشا کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی ٹیم جبران ناصر سے ملاقات کرے گی، جس میں ان سے واقعہ سے متعلق معلومات لی جائیں گی۔
جبران ناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں لاپتا ہونا انوکھی بات نہیں ہے۔ وکلاء، صحافی، سیاست دان اور میرے اپنے سب فکرمند تھے، سیاست دانوں کی بھی دعائیں اور کاوشیں تھیں، اسی وجہ سے میں اپنوں کے درمیان ہوں اور میں سب کا شکر گزار ہوں، انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر میرا کچھ عزم اور جدوجہد ہوگی تب ہی سب میرے ساتھ تھے، میرے ساتھیوں نے ضروری سمجھا کہ میری بازیابی کے لیے آواز اٹھائیں، انہوں نے کہا کہ یہ عزم اور جدوجہد جاری رہے گی۔