لاہور: معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کی والدہ خاور کیانی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔
خاور کیانی کا شمار ملک کے معروف شاعروں میں کیا جاتا تھا۔ اُن کے کئی لکھے گانے خاصے مقبول ہوئے اور اب زبان زدعام ہیں۔
حدیقہ کیانی کی ٹیم نے انسٹاگرام پر ان کی والدہ کی تصویر شیئر کی اور انتقال کی اطلاع دی جس میں بتایا گیا کہ خاور کیانی کا انتقال 14 اکتوبر کو اپنے گھر میں ہوا، وہ کافی عرصے سے بسترِ مرگ پر تھیں۔
پوسٹ میں لوگوں سے درخواست کی گئی کہ اس تکلیف دہ موقع پر ان کی فیملی کی پرائیویسی کا احترام رکھا جائے اور مداح ان کی مغفرت کے لیے دعا کریں۔
دھیان رہے کہ خاور کیانی نے اپنی زندگی میں کئی کتابیں لکھیں اور اس کے علاوہ مشہور گانے بھی لکھے جن میں بوہے باریاں اور 1999 کے ورلڈکپ کا گانا انتہائے شوق شامل ہیں۔ اُن کی کتابیں ادبی ذوق رکھنے والوں کو متاثر کرنے میں کامیاب رہیں۔ اُن کے انتقال سے ادب کی دُنیا میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے، جو شاید ہی کبھی پُر ہوسکے۔