حیدرآباد: جامعہ سندھ میں فیسوں میں اضافے کے خلاف دوسرے دن بھی سیکڑوں طلبہ اورطالبات نے احتجاجی ریلی نکالی اور شدید احتجاج کیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کیا اور رکاوٹیں کھڑی کرکے طلبہ کی ریلی کو آگے بڑھنے نہیں دیا۔ جامعہ سندھ جامشورو کے طلبہ اور طالبات نے فیسوں میں تیس فیصد اضافے کے خلاف گذشتہ روز احتجاج کیا تھا۔
انتظامیہ کی جانب سے کوئی نوٹس نہ لینے کی وجہ سے دوسرے دن بھی طلبہ نے احتجاج کیا تو جامعہ کی انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کرلیا۔ سیکڑوں طلبہ اور طالبات مختلف شعبہ جات سے نعرے بازی کرتے ہوئے ریلی کی شکل میں جب وائس چانسلر کے دفتر کی جانب بڑھنے لگے تو رکاوٹیں لگاکر طلبہ کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔
بعد ازاں یونیورسٹیز اور بورڈز کے مشیر نثار احمد کھوڑو نے بھی جامعہ سندھ کا دورہ کیا اور طلبہ سے خطاب کیا، اس دوران بھی طلبہ اور طالبات نعرے بازی کرتے رہے۔ طالبات نے صوبائی مشیر نثار احمد کھوڑو سے مطالبہ کیا کہ سارا معاملہ وفاق پر ڈالنے کے بجائے سندھ حکومت یہ مسئلہ حل کرے۔