کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مُراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں مزارات، انڈوز جمز، سوئمنگ پول کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مُراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کل این سی او سی جو فیصلہ کرے گی، سندھ حکومت بھی وہ شعبہ جات کھول دے گی۔
قبل ازیں اجلاس میں سیکریٹری صحت کاظم جتوئی نے بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ کل شام تک 14052 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 521 نئے کیسز سامنے آئے۔
اب صوبے کا ڈٹیکشن ریٹ 3.7 ہے، کراچی میں کیسز کی شرح 7.54 ہے جو 25 جون کو 10.47 تھی، گزشتہ 7 یوم میں شرقی میں 15 فیصد کیسز سامنے آئے، نئے کیسز کی شرح جنوبی اور غربی میں 9 فیصد، ملیر میں 8 فیصد، سینٹرل 7 فیصد ہے۔
گزشتہ 30 یوم میں 368 اموات ہوئیں جن میں 208 یعنی 56 فیصد اسپتالوں میں ہوئیں۔
کووڈ سے انتقال کرنے والوں میں 83 مریض یعنی 23 فیصد وینٹی لیٹرز پر تھے۔ کووڈ کے 77 یعنی 21 فیصد مریض گھروں میں انتقال کرگئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اموات کی شرح ابھی بھی کم نہیں ہورہی، سندھ کو اب تک 4175997 ویکسین کی خوراکیں موصول ہوئی ہیں، اب تک 3320251 ویکسین لگ چکی ہیں۔