محکمہ کالجز سندھ کی داخلہ پالیسی، 52 ہزار طلبا کا مستقبل اندیشوں کا شکار!

کراچی: سندھ کے محکمہ کالجز نے داخلہ پالیسی جاری کردی، 52 ہزار سے زائد طلبہ سرکاری کالجوں میں داخلہ حاصل نہیں کرسکیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ کالجز سندھ کی داخلہ پالیسی جاری کردی گئی ہے، جس کے تحت کراچی سے میٹرک پاس کرنے والے طلبہ کی تعداد زیادہ ہے اور گیارہویں جماعت میں داخلے کی نشستیں کم کردی گئی ہیں، جس کے بعد 52 ہزار سے زائد طلبہ سرکاری کالجوں میں داخلہ نہیں لے سکیں گے۔
سینٹرلائز داخلہ پالیسی کے تحت ایک سو 68 میل، فی میل کالجوں میں داخلوں کا آغاز 26 ستمبر سے ہوگا جب کہ محکمہ کالجز سندھ کی جانب سے جاری کردہ داخلہ پالیسی نے طلبا کو پریشان کردیا، میٹرک بورڈ کراچی سے ایک لاکھ 68 ہزار 880 طلبہ کامیاب قرار دیے گئے جب کہ محکمہ کالجز نے ایک لاکھ 16 ہزار 340 نشستیں مختص کی ہیں، پالیسی کے تحت کہیں طلبہ اور کہیں طالبات کے لیے نشستیں کم کی گئی ہیں۔
داخلہ پالیسی میں گیارہویں جماعت کے لیے کراچی کے 54 ہزار 810 طلبہ اور 61 ہزار 530 طالبات کے لیے نشستیں رکھی گئی ہیں، پری میڈیکل میں لڑکوں کے لیے 5 ہزار 490 جب کہ طالبات کے لیے 17 ہزار 6 سو 35 نشستیں مختص کی گئی ہیں، اسی طرح پری انجینئرنگ میں طالبات کے لیے 8 ہزار 4 سو 65 جب کہ لڑکوں کے لیے 20 ہزار 940 نشستیں مختص کی گئیں۔

admission policyCollegesSindh