کراچی: پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر پھٹ پڑے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ اس دن سے تباہ ہونا شروع ہوئی جس دن سے نیا پاکستان بنا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سکندر بخت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ ختم کرادی اور صرف 6 ٹیمیں بنادیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا پاکستانی کرکٹ اس روز سے تباہ ہونا شروع ہوئی جس دن سے نیا پاکستان بنا۔
قومی کرکٹر احمد شہزاد نے پاکستان کی امریکا کے ہاتھوں شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی امریکا سے شکست اپ سیٹ شکست نہیں، ہم آئرلینڈ، نیدرلینڈ، زمبابوے اور اب امریکا سب سے ہار چکے ہیں۔
احمد شہزاد کا کہنا تھا پاکستانی کرکٹ ٹیم کا حال وہی ہونے والا ہے جو ہاکی ٹیم کا ہوگیا تھا، پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ تباہ ہوچکی، بنیاد مضبوط نہیں ہوتی تو ایسے ہی نتائج سامنے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اعظم خان سے فیلڈنگ کرانے کا مطلب یہ ہے کہ آپ کی کرکٹ دفن ہوچکی ہے، میچ کی آخری گیند میں فیلڈر مڈ آن پر باؤنڈری لائن پر کیوں کھڑا نہیں کیا گیا۔
امام الحق نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی پاکستان کو بھارت کے خلاف بڑا میچ کھیلنا ہے، ہماری ذمے داری ہے کہ ہم اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں، سوشل میڈیا پر ٹرولنگ سے کھلاڑی پریشر میں آکر اچھا نہیں کھیل سکتا۔
مزید برآں سابق کرکٹر عمران نذیر نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا حال ہاکی ٹیم جیسا ہوگا نہیں بلکہ ہاکی جیسا ہوچکا ہے۔