نیویارک: نیند کا کم دورانیہ امراض دل کا باعث بن سکتا ہے، نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ہر رات تواتر کے ساتھ نیند کے دورانیے میں آدھے گھنٹے کی کمی سوزشی اور قلبی امراض کا سبب بن سکتی ہے۔
جرنل آف ایکسپیریمنٹل سائنسز میں شائع ہونے والی نیویارک کے آئیکان اسکول آف میڈیسن میں کی گئی نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دائمی طور پر نیند میں کمی کسی بھی شخص کے مدافعتی خلیوں کو متاثر کرسکتی ہے اور جسم میں سوزش کا سبب بن سکتی ہے۔
آئیکان اسکول میں میڈیسن کے اسسٹنٹ پروفیسر اور تحقیق کے شریک محقق کیمرون مک ایلپائن نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ سوزش میں اضافہ آپ کو متعدد مسائل کا ہدف بناتا ہے بالخصوص امراض قلب کا۔
تحقیق کے سربراہ مصنف اور آئیکان اسکول میں کارڈیوویسکیولر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر فلپ سورسکی کا نیوز ریلیز میں کہنا تھا کہ یہ تحقیق اس بات کی اہمیت پر زور دیتی ہے کہ بڑی عمر کے افراد کو روزانہ سات سے آٹھ گھنٹوں کی نیند لینی چاہیے، تاکہ سوزش اور بیماریوں سے بچنے میں مدد مل سکے، بالخصوص ان لوگوں کو جو دائمی امراض میں مبتلا ہیں۔
محققین کا کہنا تھا کہ یہ تحقیق جسم کے اندر موجود ان نظاموں کی نشان دہی سے شروع ہوتی ہے جو نیند اور مدافعتی صحت کے درمیان طویل مدت تک تعلق قائم رکھتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ انسانوں اور چوہوں میں مختل نیند ان کے خلیوں کے نظام اور مدافعتی نظام کی پیداوار کی شرح کو متاثر کر سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں مدافعتی خلیے بیماریوں کے خلاف حفاظت کرنے میں اپنی تاثیر کھودیتے ہیں۔