پی ٹی آئی سے نکالے جانے پر شیر افضل مروت کا دُکھ کا اظہار

پشاور: پی ٹی آئی سے نکالے جانے پر رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو پارٹی پالیسیوں کی مسلسل خلاف ورزی پر پی ٹی آئی سے نکالا گیا اور انہیں قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا بھی کہا جائے گا۔
رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی شیر افضل مروت کی حمایت میں سامنے آئے اور انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت کی پارٹی کے لیے بہت خدمات ہیں، عمران خان سے شیر افضل مروت کے لیے بات کریں گے۔
اب شیر افضل مروت نے بھی سوشل میڈیا پر ایک طویل تحریر لکھ پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
شیر افضل مروت نے لکھا کہ میں ہمیشہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے ساتھ وفادار رہا اور اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہوں گا، مجھے حالیہ فیصلے سے بہت دکھ ہوا جو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان افراد نے دلوایا ہو جنہوں نے مجھے کبھی پارٹی میں قبول ہی نہیں کیا، تاہم میں نے کبھی ذاتی تنازعات میں الجھنے کی کوشش نہیں کی اور پارٹی کے اندر کسی گروہ کے بجائے ہمیشہ عمران خان کے وژن کے ساتھ کھڑا رہا۔
شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا میں خان صاحب (عمران خان) کو درپیش مشکلات بشمول معلومات کی محدود رسائی اور ان لوگوں کی موجودگی کہ جن کے اقدامات پارٹی کے لیے مفید نہیں، کا اعتراف کرتا ہوں، میں اپنی پوزیشن قومی میڈیا پر آج رات واضح کروں گا، اور مجھے یقین ہے کہ پی ٹی آئی کے ورکرز جنہوں نے انصاف کے لیے میرے ساتھ کھڑے ہو کر لڑا وہ صحیح چیز کے لیے آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا اگر پارٹی نے اپنے فیصلے پر نظرثانی نہیں کی تو میں اسے عزت سے قبول کروں گا لیکن کبھی بھی رعایت نہیں مانگوں گا، تاہم مشکل حالات میں متحد کھڑے رہنے والے پی ٹی آئی لیڈرز اور ورکرز سے یہ ضرور کہوں گا کہ ناانصافی کے خلاف آواز ضرور اٹھائیں۔
ان کا کہنا تھا پاکستان تحریک انصاف کو جمہوریت، شفافیت اور انصاف کے اصولوں کو تھامے رکھنا چاہیے، حقیقی وفاداری کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ اندھی تابع داری کی جائے بلکہ ہمارا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ہماری جدوجہد صحیح راستے پر گامزن رہے۔
شیر افضل مروت کا آخر میں کہنا تھا کہ عمران خان میرے لیڈر ہیں اور رہیں گے، میری جدوجہد ذاتی مفادات کے لیے نہیں بلکہ پی ٹی آئی کی سالمیت کے لیے اور اس وژن کے لیے ہے جو ہم سب کا مشترکہ وژن ہے۔

Expelled from PTIFormer PTI LeadersadnessSher Afzal Marwat