کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا منفی رجحان رہا اور 100 انڈیکس 953 پوائنٹس کم ہوگیا۔
ماہ رمضان کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز میں ملاجلا رجحان رہا۔
تاہم بعدازاں اسٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی اور کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 953 پوائنٹس کم ہوکر 64 ہزار 801 پر آگیا۔
کاروباری دن میں 100 انڈیکس 1194 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، کاروباری دن میں 100 انڈیکس کی کم ترین سطح 64 ہزار 664 رہی۔
آج بازار میں 32 کروڑ 17 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے، شیئرز بازار کے کاروبار کی مالیت 10.85 ارب روپے رہی۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن 132 ارب روپے کم ہوکر 9 ہزار 228 ارب روپے ہے۔
دوسری جانب نوحلف یافتہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے اہم مذاکرات کے لیے رسمی درخواست کرنے والا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ مالی سال 2024 ایک مشکل سال ہوگا لیکن جلد تمام مسائل پر گفتگو کے لیے میڈیا کے ساتھ بیٹھیں گے، بریفنگ لے کر بات کروں گا، اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے استعمال کروں گا، اب باتیں زیادہ ہورہی ہیں لیکن اب ایکشن کا وقت آگیا ہے۔