شمعون عباسی تحریک انصاف سے وابستہ ہوگئے

کراچی: معروف اداکار شمعون عباسی نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے اور شوبز انڈسٹری کی بحالی کے لیے نئی پالیسیاں بنانے کا عزم کیا ہے۔
شمعون عباسی نے ایک انٹرویو کے دوران پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان تحریک انصاف کو بطور سیاستدان نہیں بلکہ میڈیا انڈسٹری کو مزید ترقی دینے اور اس کی بحالی کے لیے جوائن کیا ہے۔ شوبز انڈسٹری کے حوالے سے ہم نے کچھ نئی پالیسیاں بنائیں اور انہیں حکومت کو بھیجا جنہیں حکومت نے قبول کرلیا اور ان پر عمل درآمد بھی شروع کردیا ہے۔ شمعون عباسی نے وزیراعظم عمران خان کا انہیں سپورٹ کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا۔
شمعون عباسی نے شوبز انڈسٹری کے لیے بنائی جانے والی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری انڈسٹری میں قواعد و ضوابط کی ضرورت ہے چونکہ یہاں کوئی باضابطہ معاہدے نہیں ہوتے لہٰذا ادائیگیوں کے بہت سارے معاملات پیدا ہوتے ہیں ۔ ہم اسے قانونی مسئلہ بنائیں گے۔
اس مسئلے کو دیکھنے کے لیے ایک شعبہ بنایا جارہا ہے جو بغیر نوٹس سیٹس کا دورہ کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ہر جگہ کام پیشہ ورانہ طور پر ہورہا ہے۔ اگر کوئی پروڈیوسر کسی کو بغیر معاہدے کے ملازمت پررکھتا ہے تو اس سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
شمعون عباسی نے اداکاروں، پروڈیوسرز اور تکنیکی ماہرین پر مشتمل منعقد ہونےوالے اجلاس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا اس اجلاس میں ہر ایک نے اپنے تحفظات اور شکایات درج کرائیں۔ شوبز انڈسٹری میں جو سب سے عام شکایت سامنے آئیں وہ پیسوں کی ادائیگی وقت پر نہ ہونا یا پھر اداکار نے پیسے لیے اور پھر پروڈیوسر کو درمیان میں ہی لٹکادیا اس طرح کی شکایات سامنے آئیں۔ لہذا ان چیزوں کو سب سے پہلے دیکھنے اور ایک موثر نظام بنانے کی ضرورت ہے۔

PTIShamoon Abbasi