کراچی: پاکستان سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ کامیڈین شکیل صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک بار بھارتی شہریت کی پیشکش کی گئی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا تھا۔
شکیل صدیقی کو انڈسٹری کا حصہ بنے کئی سال ہوچکے اور انہوں نے پاکستان کے ساتھ بھارت میں بھی خوب نام کمایا، انہوں نے کئی سال تک بھارت میں کام کیا اور سرحد پار بھی ان کے لاکھوں مداح ہیں، وہ شاہ رخ خان اور اکشے کمار سمیت بولی وُڈ کے دیگر بڑے ستاروں کے ساتھ پرفارم کرچکے ہیں۔ بھارت میں انتہاپسند ہندوئوں کے تشدد کا نشانہ بھی بن چکے ہیں۔
شکیل صدیقی نے گزشتہ دنوں ایک ڈیجیٹل پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق اپنی زندگی کے بہت سے تجربات شیئر کیے، بھارت میں کام کرنے کے بارے میں بھی بات کی اور بتایا کہ انہیں ایک بار بھارتی شہریت کی پیشکش کی گئی تھی۔
شکیل صدیقی نے بتایا کہ ایک دوست نے ایک بار کہا کہ وہ انہیں بھارتی شہریت لے کر دے سکتا ہے، لیکن انہوں نے انکار کردیا۔ اداکار نے کہا کہ وہ بھارتیوں کا احترام کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے دوست سے کہا کہ جو شخص اپنی ماں کی عزت نہیں کرتا وہ آپ کی بھی عزت نہیں کرے گا، اس لیے میں بھارتی شہریت کے لیے پیشکش قبول نہیں کرسکتا۔