ہزارہ برادری کے قتل میں انٹرنیشنل مافیا ملوث ہے، شیخ رشید

اسلام آباد: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہزارہ کمیونٹی کے قتل میں انٹرنیشنل مافیا ملوث ہے، ہم نے چار ایسے گروہوں کو پکڑا جو شیعہ سنی کے درمیان لڑائی کروانا چاہتے تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی نئی لہر ہے۔ پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں دہشت گردی کی اطلاعات ہیں، ہم نے سرگودھا، اسلام آباد اور کراچی سے دہشت گرد پکڑے ہیں، ہم نے چار ایسے گروہوں کو پکڑا جو شیعہ سنی کے درمیان لڑائی کروانا چاہتے تھے جب کہ ہزارہ کمیونٹی کے قتل میں انٹرنیشنل مافیا ملوث ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہزارہ برادری سے ہمدردی رکھتے ہیں، کوئٹہ کا واقعہ ہوا تو اگلے دن وزیراعظم کی ہدایت پر وہاں پہنچ گیا، ہمارے وزرا بھی کوئٹہ میں موجود ہیں، جو افغانی شہید ہوئے، ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی ہے، ایف سی کو ہدایات جاری کی ہیں، میتیں سب کی سانجھی ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں، کچھ لوگ اس الم ناک حادثے پر بھی سیاست کررہے ہیں، سیاست کے لیے بڑا وقت ہے یہ وقت سیاست کا نہیں، ملک میں اور بھی مسائل ہیں، زلفی بخاری اور علی زیدی کوئٹہ میں ہیں امید ہے معاملہ حل ہوجائے گا، جیسے ہی تدفین ہو وزیراعظم جانے کے تیار ہیں، عمران خان چاہتے ہیں تدفین کے بعد جائیں تاکہ کھل کر بات چیت ہوسکے۔
اس سے قبل اسلام آباد کی پولیس اکیڈمی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے ساری چیک پوسٹس ختم کیں، 6 وارداتوں میں سے 4 کے ملزمان پکڑلیے، ویزے آن لائن کرکے کرپشن ختم کردی، ایگزٹ کا ویزا بھی آن لائن کررہے ہیں، ایف آئی اے اور نادرا کو بھی ٹھیک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 19 جنوری کو اپوزیشن الیکشن کمیشن کے سامنے آرہی ہے، فارن فنڈنگ میں پی پی اور (ن) لیگ کے دستخط نہیں، اگلے تین ماہ سیاست میں بہت اہم ہوں گے، پی ڈی ایم کے جلسے ناکام ہورہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کسی بھی وقت کوئٹہ جاسکتے ہیں، ہماری رائے سے پہلے ہی وزیراعظم کوئٹہ جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں، حملے میں جو افغان شہید ہوئے ان کے لواحقین کو بھی پیسے دینا چاہتا ہوں۔ شیخ رشید نے واضح کیا کہ آئی جی اسلام آباد کو اسامہ ستی کے حساس معاملے پر ہٹایا، ایف آئی اے کے افسران کو بھی تبدیل کریں گے۔

hazara communitymach massacreShaikh Rasheed