پاکستان کے معروف گلوکار شہزاد رائے نے کہا کہ بچوں کو ہراسانی سے متعلق پڑھانا شروع کیا تو بہت اعتراض کیا گیا۔
سماجی شخصیت شہزاد رائے نے لاہور کے نجی اسکول میں طالبات کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کے معاملے پر اظہارِ خیال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو ہم پڑھا رہے ہیں، اگر یہ تمام ملک کے نصاب میں شامل ہو تو اس کے بہت اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔
گلوکار نے کہا کہ اسکولوں کے اندر بچوں کو اس حوالے سے آگاہی دی جانی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے کونسلر کا ہونا بھی ضروری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خبر نشر ہوئی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ لاہور کے معروف نجی اسکولوں میں طالبات کو جنسی ہراساں کیا جا رہا ہے۔
اس خبر کا وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزیر شیریں مزاری اور دیگر اعلیٰ حکام کی جانب سے نوٹس لیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ شہزاد رائے کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسکولوں میں جنسی ہراسانی کے واقعات روکنے کے لیے آگاہی دینی بہت ضروری ہے۔