بیگم سے تُو تُو میں میں پر بیٹیاں اپنی والدہ کا ساتھ دیتی ہیں، شاہد آفریدی

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بیٹیوں کے ساتھ اپنی محبت اور ان کے ساتھ رویے سے متعلق کُھل کر اظہار کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب پہلی بیٹی پیدا ہوئی تو سیلون میں بال بنوارہا تھا، میرے پاس کال آئی کہ بیٹی پیدا ہوئی ہے، مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب چھوٹے بھائی نے مجھے اقصیٰ گود میں دی تو میرے ہاتھ کانپ رہے تھے، اس کے بعد انشا آئی تب بھی ایسا ہی احساس تھا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شادی اور  پھر بیٹیوں کی پیدائش کے بعد میں نے اپنی زندگی کو بدلتے اور  بہت بدلتے دیکھا، لیکن ماں کی طرح اولاد کے لیے وقت نکالنا باپ کی بھی ذمے داری ہے، میرے نزدیک آج کل کے حالات میں ماں سے زیادہ باپ کی ذمے داری بنتی ہے۔

شاہد آفریدی نے دوران گفتگو بیٹیوں سے متعلق ایک دلچسپ بات بتاتے ہوئے کہا کہ اگر بیگم سے کبھی تُو تُو میں میں ہوجائے تو بیٹیاں ماں کے ساتھ بلیوں کی طرح کھڑی ہوجاتی ہیں، پھر میں اہلیہ کو کچھ بھی نہیں کہہ پاتا، کوئی ایک بیٹی میری خاص طور پر پسندیدہ نہیں، سب بیٹیاں پسندیدہ ہیں۔

دھیان رہے کہ شاہد آفریدی کی 5 بیٹیاں ہیں، جن میں سب سے بڑی بیٹی اقصیٰ ہیں پھر انشا، عجوہ، اسمارا اور عروہ ہیں۔

بڑی دو بیٹیاں اقصیٰ اور انشاء کی شادی ہوچکی ہے اور دونوں کے ہاں پہلی اولاد کا جنم بھی ہوچکا ہے۔

Big RevealeddaughtersFormer cricketerFormer Pakistan Cricket team captainPodcastshahid afridi