داماد بنانے سے قبل شاہین کی انکوائری کروائی، خود کو ابھی نانا نہیں مانتا، شاہد آفریدی

کراچی: اسٹار آل رائونڈر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شاہین آفریدی کو داماد بنانے سے قبل انکوائری کروائی تھی۔
عالمی اردو کانفرنس کے سیشن میں ہوں کراچی میں دوران گفتگو سابق کپتان نے کئی موضوعات پر بات کی۔
بیٹی انشا کے لیے داماد شاہین آفریدی کے انتخاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ کوئی بھی انسان بیٹی کا ہاتھ بنا سوچے سمجھے کسی کے ہاتھ میں نہیں دیتا، شاہین کی تربیت اچھی ہوئی تھی، میرے بڑے اور شاہین کے بڑے آپس میں ایک دوسرے کو اچھی طرح سے جانتے تھے، لیکن جب ہم کراچی شفٹ ہوئے تو شاہین کی فیملی سے ہمارا اتنا رابطہ نہیں رہا، مگر شاہین نے جتنے لوگوں کی نگرانی میں کھیلا، سب کوچز نے بھی شاہین کی بہت تعریف کی تھی۔
شاہین آفریدی کے لیے انکوائری کیے جانے کے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ انکوائری کروائی گئی تھی، بیٹی کے رشتے کے وقت انکوائری بہت ضروری ہے لیکن کسی بھی رشتے کو آگے چلانے کیلئے لڑکا اور لڑکی دونوں کو اچھا ہونا ضروری ہے، تاکہ ہمارے ملک کے لیے ایک اچھی نسل تیار ہوسکے۔
میزبان کے نانا بن جانے کے سوال پر سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ابھی خود کو نانا نہیں مانتا، جب پانچویں بیٹی کی شادی ہوگی اس کے بھی بچے ہوجائیں تو پھر نانا مانوں گا۔
خیال رہے کہ قومی کرکٹر شاہین آفریدی 3 فروری 2023 کو سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، دونوں کے ہاں رواں برس پہلے بیٹے کی ولادت ہوئی ہے۔

Big RevealedShaheen Afridishahid afridi