لاہور: پاکستانی فلموں کے سینئر اداکار شان شاہد نے کہا ہے کہ ہمیں اِدھر نہیں جاؤں گی، اُدھر نہیں جاؤں گی جیسی فلموں سے اب آگے بڑھنا چاہیے۔
اداکار شان نے ایک تقریب کے بعد میڈیا نمائندے سے بات کرتے ہوئے فلم رائٹرز اور ہدایت کاروں کو مشورہ دیا کہ انہیں نئے اور بہتر موضوعات پر فلمیں بنانی چاہیے۔
شان کا کہنا تھا کہ بہت سے ایسے موضوعات ہیں جن پر پاکستانی ڈائریکٹرز یا رائٹرز ہاتھ نہیں ڈال رہے، سائنس فکشن اور ہارر فلموں کو ہم استعمال ہی نہیں کرتے نہ اسکرپٹ ہے نہ فلمیں بن رہی ہیں۔
ہمایوں سعید کی پنجاب نہیں جاؤں گی اور لندن نہیں جاؤں گا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے شان شاہد کا کہنا تھا کہ جب یہ اِدھر نہیں جاؤں گی اُدھر نہیں جاؤں گی سے نکلیں گے تو شاید اس طرف آئیں۔
یاد رہے کہ شان شاہد کی نئی فلم ضرار 25 نومبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے کئی سنیما گھروں کی زینت بنے گی، جس میں مرکزی کردار شان نبھا رہے ہیں جب کہ وہی اس کے ہدایت کار بھی ہیں۔