حضورؐ کے اسوہ پر عمل کرکے مشکلات پر قابو پایا جاسکتا ہے، سینیٹر رزینہ عالم خان

سیرت نبوی کی روشنی میں متوازن مسلم معاشرہ تشکیل پاسکتا ہے، فرخ خان و نرگس ناصر کا خطاب

اسلام آباد: نبی کریمؐ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ حضور کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر ہم قومی و سماجی مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر رزینہ عالم خان نے ایوان قائد کے نظریہ پاکستان کونسل(ٹرسٹ) میں ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے خواتین کی محفل میلاد کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شدت غم میں صبر و استقامت سے کام لینا ہی ایک مسلمان کا شیوہ ہے، اس لیے ہمیں انتہا پسندی کے بجائے مساوات محمدی کو اپنانا ہوگا۔

تقریب کی مہمان خصوصی، ایم این اے فرخ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی آخر الزماںؐ  کے فلسفہ زندگی پر عمل کر کے ہم ایک متوازن مسلم معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج مسلم دنیا گوناگوں مسائل کا شکار ہے۔ ہم اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں اتحاد اور نظم و ضبط سے مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این پی سی کی مجلس عاملہ کی سینئر رکن نرگس ناصر نے کہا کہ تجدید ایمان کیلئے ایسی پُرنور محفلوں کا انعقاد ضروری ہے، تاکہ ہماری بچیاں نبی کریمػ سے وابستہ خواتین کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے بہترین نسلیں پروان چڑھاسکیں۔ اس سلسلے میں نظریہ پاکستان کونسل کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

قبل ازیں محفل میلاد کے آغاز میں تلاوت کلام مجید کے بعد شریک محفل خواتین نے حمد باری تعالیٰ اور درود پاک کورس کے انداز میں پیش کیا۔ بعدازاں شازیہ اعوان، روبینہ بٹ اور سیدہ بینا نے خوبصورت آواز و انداز میں نعتیں پیش کرکے حاضرین محفل سے خوب داد پائی۔ محفل کے اختتام پر معروف شاعرہ رخسانہ سحر، آمنہ خانم، زینت کنیز اور رباب فاطمہ نے نعتیہ کلام تحت اللفظ پیش کرکے آمد رسولؐ پر اظہار مسرت کیا۔ محفل کی میزبان شفق نسیم نے تمام مہمان خواتین کا شکریہ ادا کیا۔

Eid e Milad un NabiProgrameSenator Razina Alam Khanspeech