پاکستانی فلم ملاقات کا آسکر ایوارڈز کے لیے انتخاب

کراچی: مشہور پاکستانی فلم ساز سیماب گل کی مختصر فلم ملاقات سینڈاسٹورم ہالی شارٹس فلم فیسٹیول کے ذریعے آسکر ایوارڈز کے لیے منتخب کرلی گئی۔
پاکستانی فلم ملاقات نے 11 اگست سے 20 اگست تک جاری رہنے والے ہالی شارٹس فلم 2022 کی بہترین مختصر فلموں کی کیٹگری میں’بیسٹ لائیو ایکشن ایوارڈ‘ اپنے نام کیا۔

اس فیسٹیول کی خاص بات یہ کہ اس کے ٹاپ 3 پوزیشن ہولڈرز خود بخود آسکر کی دوڑ میں شامل ہوجاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ’بیسٹ لائیو ایکشن ایوارڈ‘ کے ساتھ پاکستانی فلم ’آسکر ایوارڈز‘ کی دوڑ میں بھی شامل ہوچکی ہے۔
فلم کے پروڈیوسر عبدالعزیز مرچنٹ نے یہ خوش خبری انسٹاگرام مداحوں کو بتائی کہ سیماب گل کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم نے اگست 2022 میں دو اکیڈمی ایوارڈز کوالیفائنگ فیسٹیولز ہالی شارٹس فلم فیسٹیول اور فلکرز کے رہوڈ آئی لینڈ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں کامیابی حاصل کی ہے۔

خیال رہے کہ فلم کی کہانی غدیر احمد نامی مصری لڑکی کے ساتھ پیش آئے حقیقی واقعے پر مبنی ہے، جس کی زندگی اپنے ورچوئل بوائے فرینڈ کے ساتھ ایک سنسنی خیز ڈانس ویڈیو شیئر کرنے کے بعد بالکل بدل جاتی ہے، کیونکہ وہ اس کی ویڈیو دیکھنے کے بعد اسے ذاتی طور پر ملنے کے لیے بلیک میل کرنا شروع کردیتا ہے۔
فلم 13 اپریل 2020 کو ریلیز کی گئی تھی جس میں حمزہ مشتاق، پریزی فاطمہ، عائشہ شعیب احمد اور نبیلہ خان نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

Best movieholly shorts film 2022Mulaqat sandstormNominate for OscarPak short movie