15 ستمبر سے قبل تعلیمی اداروں میں اسپرے سمیت تمام اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت

کراچی: سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ستمبر سے قبل تمام تعلیمی اداروں میں اسپرے سمیت تمام اقدامات کو مکمل کرلیا جائے۔
سعید غنی کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری تعلیم احمد بخش ناریجو، سیکریٹری کالجز باقر نقوی، ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم ڈاکٹر فوزیہ، آصف میمن اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں تعلیمی نصاب، کورونا وائرس کے بعد کی صورت حال اور نئے تعلیمی سال سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران سعید غنی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر کو کھولنے کا حتمی فیصلہ ایس سی او سی کے اجلاس میں ہوگا، ہمیں اپنی مکمل تیاری 15 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولنے پر مرکوز کرنا ہوگی۔ ہم چاہتے ہیں کہ 7 ستمبر کو وفاقی وزیر تعلیم اور تمام صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہو تو ہمارے پاس تمام حوالے سے تیاریاں مکمل ہوں، ہماری پوری کوشش ہے کہ طلبہ و طالبات کا کورونا وائرس کے باعث جو تعلیمی عمل تعطل کا شکار ہوا اور اس کے باعث جو خلا ان کی تعلیم میں آیا ہے اس کو پورا کیا جائے۔ 15 ستمبر سے قبل تمام تعلیمی اداروں میں اسپرے سمیت تمام اقدامات کو مکمل کرلیا جائے۔

15 SeptemberCoronaSchoolsSindh