اسکول طالبہ ڈانس کے باعث اسکالرشپ سے محروم ہوگئی

لوزیانا: امریکا سے تعلق رکھنے والی اسکول طالبہ ڈانس کے باعث اسکالرشپ سے محروم ہوگئی، سوشل میڈیا پلیٹ فارم طلباء کو معلومات اور تعلیمی وسائل سے متعلق آگاہی پیش کرتے ہیں، تاہم کچھ طلبا اس پر نامناسب مواد کی نمائش بھی کرتے ہیں۔
امریکی ریاست لوزیانا میں ایک ہائی اسکول کی طالبہ کا طلبا تنظیم کا صدارتی عہدہ اور اسکالرشپ اس وقت چھین لیے گئے جب طالبہ نے کالج سے گھر واپس آکر اپنے نازیبا ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
واکر ہائی اسکول کی سینئر طالبہ کیلی ٹیمونیٹ کو پرائیویٹ پارٹی میں اپنے ایک دوست کے پیچھے رقص کرتے دیکھا گیا تھا، جس کے بعد اسکول کے پرنسپل نے کہا کہ وہ اسکالرشپ کی درخواستوں میں طالبہ کے قائدانہ کردار اور اسکالرشپ کو منسوخ کردیں گے۔
دوسری جانب کیلی نے ایک مقامی نیوز آؤٹ لیٹ کو بتایا کہ پرنسپل نے کہا مجھے اپنے آپ پر شرم آنی چاہیے۔ اور یہ کہ میں بنیادی طور پر خدائی تعلیمات کی پیروی نہیں کررہی۔ طالبہ نے بتایا کہ یہ سب باتیں سن کر مجھے رونا آگیا اور مجھے لگا جیسے میری زندگی ختم ہوگئی ہے۔
تاہم اس واقعے نے طلبہ تنظیم کے اندر غم و غصے اور بحث کو جنم دیا ہے۔ بہت سے لوگوں نے سوشل میڈیا پر “لیٹ دی گرل ڈانس” بینرز لگاکر طالبہ سے اپنی حمایت کا اظہار کیا جب کہ کچھ والدین نے اسکول کے نقطہ نظر کا موازنہ 1980 کی دہائی کی فلم Footloose کے پلاٹ سے کیا۔

Lost her ScholarshipSchool GirlUnited states