سعودی عرب نے کورونا کے خلاف جنگ جیت لی!

ریاض: سعودی عرب نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کا اعلان کردیا۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت کے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ حکومت نے کامیابی سے کورونا وائرس پر قابو پالیا ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں اتوار کو کورونا کے صرف 139 کیسز رپورٹ ہوئے جو ملک میں مارچ سے شروع ہونے والی کورونا لہر کے بعد اب تک سب سے کم کیسز ہیں۔
سعودی وزارت صحت نے اس بات کی تصدیق کی کہ ملک میں کووڈ کی صورت حال یہ ظاہر کررہی ہے کہ ملک کے زیادہ تر علاقے کورونا سے محفوظ ہیں جب کہ گزشتہ چند ہفتوں میں کیسز 50 سے نیچے آئے ہیں۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم ان ممالک میں شامل ہیں جنہوں نے وائرس پر تیزی سے قابو پایا جس سے کیسز میں کمی آئی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سعودیہ نے اب کورونا پر مزید بہتر قابو پالیا ہے اور یہ کامیابی عوام کی جانب سے حکومتی اقدامات پر عمل پیرا ہونے سے حاصل ہوئی کیونکہ یہ عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہوتا کہ حکام ان کی صحت کا تحفظ یقینی بنائیں۔
ترجمان کا ویکسین کے حوالے سے کہنا تھا کہ ڈیٹا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ دنیا بھر میں ویکسین کے اچھے اثرات ہیں اور ویکسین عوام کی صحت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بہت اہم ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے فائزر اور بائیو این ٹیک کی کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

Covid 19saudia arabia