کراچی: اداکارہ سارہ عمیر نے اپنے کیریئر کی شروعات کا ایک پریشان کن تجربہ شیئر کیا ہے، جب ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ایک ہدایت کار نے انہیں بار بار نامناسب طریقے سے چھوا، جس پر سارہ اُسے سب کے سامنے تھپڑ مار کر سیٹ چھوڑ کر چلی گئیں۔
سارہ نے ندا یاسر کے مارننگ شو میں اس دلخراش واقعے کے بارے میں بات کی، جہاں ساتھی اداکارہ اریج چوہدری اور میمونہ قدوس بھی موجود تھیں۔ ان میں سے ہر ایک نے انڈسٹری میں ہراساں کیے جانے کے ذاتی تجربات شیئرز کیے۔
سارہ نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ کئی سال پہلے جب میں سندھ کے ایک چھوٹے سے قصبے میں شوٹنگ کے لیے گئی تو ڈائریکٹر نے مجھے بار بار نامناسب طریقے سے چھوا، میں حیران اور غصے میں تھی۔
انہوں نے اس واقعے کو تجربہ کار ہدایت کار کاظم پاشا کے قابل احترام رویے سے بالکل متصادم قرار دیا، انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کاظم پاشا جیسے ہدایت کاروں کے ساتھ کام کیا ہے جنہیں میں اپنا استاد مانتی ہوں، انہوں نے کبھی کوئی نامناسب بات نہیں کی اور نہ ہی کوئی غلط کام کیا، اگر وہ کبھی کسی اداکارہ کو چھوتے ہیں تو وہ ہمیشہ باپ یا پیار بھرے انداز میں ہوتا ہے۔ لیکن نوجوان ہدایت کاروں کا رویہ بہت مختلف ہوتا ہے۔
واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے سارہ نے بتایا، جب ہم رات کا کھانا کھا رہے تھے، ڈائریکٹر نے مجھے میز کے نیچے سے چھوا، میں چونکی اور گھبراکر اٹھ کے دوسری طرف بیٹھ گئی، لیکن میز بہت چھوٹی تھی، اس نے مجھے دوبارہ چھوا، تب مجھے معلوم ہوا کہ یہ کوئی غلطی نہیں تھی۔
اگرچہ میں شروع میں خاموش رہی، لیکن اگلے دن ہدایت کار نے سیٹ پر دوبارہ حدیں عبور کرلیں۔ وہ ہدایت دینے کے بہانے اداکاروں کو چھوتا رہا۔ پھر اس بار نامناسب طریقے سے مجھے چھوا۔
سارہ نے کہا، جب اس نے میری پیٹھ کو چھوا تو میں نے غصے میں اسے سب کے سامنے تھپڑ مارا اور کہا، میں تم جیسے گھٹیا شخص کے ساتھ مزید کام نہیں کر سکتی۔
اگرچہ سارہ نے اس واقعے پر کھل کر بات کی، لیکن انہوں نے ہدایت کار کا نام لینے سے گریز کیا اور اس وقت فلمائے جانے والے ڈرامے سے متعلق بھی آگاہ نہیں کیا۔