حج: منیٰ، مزدلفہ، عرفات کے مقامات پر صفائی اور جراثیم کُش اسپرے

مکہ مکرمہ: عالمی وبا کورونا کے پیش نظر حج سے پہلے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں تمام مساجد میں صفائی اور جراثیم کُش اسپرے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور نے حج سے پہلے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں تمام مساجد میں صفائی ستھرائی کا کام مکمل کرلیا ہے۔
مسجد نمرہ میں نیا ایئرکنڈیشن سسٹم آپریشنل کردیا گیا ہے جب کہ عازمین کے لیے اسپیشل واش روم تیار کرائے گئے ہیں اور ان کے لیے خصوصی گزرگاہیں بھی بنائی گئی ہیں۔
مسجد نمرہ میں ایک لاکھ 10 ہزار مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر قالین بچھائے گئے ہیں، اس کے علاوہ مسجد میں سی سی ٹی وی کیمرے اور حج کرنے والوں کے لیے رہنما اسکرین بھی نصب کی گئی ہیں۔
مزدلفہ میں مسجد المشعر الحرام کو بھی تمام سہو لتوں سے آراستہ کردیا گیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق اس مرتبہ صرف 10 ہزار مسلمان حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کررہے ہیں جن کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا ہے۔
ان میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فیصد ہے اور 30 فیصد سعودی شہری ہیں۔
منتخب عازمین کے پہلے گروپ کو ہفتے کو مکہ مکرمہ پہنچادیا گیا ہے، عازمین کرام ایامِ حج کے آغاز سے قبل ایک ہوٹل میں الگ الگ کمروں میں مقیم رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 25 لاکھ سے زیادہ فرزندانِ توحید نے فریضۂ حج ادا کیا تھا۔

Hajjsenetized