سلیم ملک کے مستقبل کا فیصلہ محفوظ

لاہور: سابق کپتان سلیم ملک کے مستقبل کا فیصلہ ’’محفوظ‘‘ کرلیا گیا۔
لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں آزدانہ ایڈجیوڈیکیٹر جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں نے فریقین کے وکلا سے دلائل سننے کے بعد 15 روز میں فیصلہ سنانے کا اعلان کیا۔
سماعت کے بعد وکیل سعود چیمہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فریقین کا موقف سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا گیا، پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹرانسکرپٹ کے حوالے سے خط سامنے آیا ہے، آئی سی سی نے لیٹر میں کہا کہ وہ ٹیپ مصدقہ نہیں، ہمارا شروع ہی سے موقف تھا کہ وہ ویڈیو مشکوک ہے۔ پی سی بی نے کہا کہ ٹرانسکرپٹ جیسا بھی ہے جواب آنا ضروری تھا۔
سلیم ملک نے کہا کہ میں 20 سال سے پی سی بی کے دفتر کے چکر لگارہا تھا لیکن اب یقین ہے کہ حق اور سچ کی فتح ہوگی، میں شروع ہی سے کہتا تھا کہ یہ ٹرانسکرپٹ جھوٹ پر مبنی ہے، آئی سی سی کا لیٹر سامنے آنے پر میرا موقف درست ثابت ہوگیا، مجھے امید ہے کہ انصاف ملے گا۔ اس موقع پر پی سی بی کے وکلا میڈیا سے گفتگو کیے بغیر روانہ ہوگئے۔

#Future#PCB#Salim Malik