کراچی: پاکستان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ سجل علی نے بولی وُڈ میں پھر سے کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
سجل علی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں سرحد پار فنکاروں کے ساتھ کرم کرنے کے حوالے سے اپنا تجربہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان میں ایک اپنائیت ہے اور وہاں (بھارت میں) گھر جیسا محسوس ہوتا ہے۔
سجل علی نے کہا کہ وہ بولی وُڈ میں دوبارہ کرم کرنا چاہتی ہیں اور وہ کافی عرصے سے یہ بات کہہ رہی ہیں۔ سجل علی کا کہنا تھا کہ سیاست کو فن اور فنکاروں کے درمیان نہیں آنا چاہیے۔
سجل علی نے کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کی یہ دیوار جلد ختم ہوجائے گی۔
سجل کا سری دیوی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ موم فلم کے ٹائٹل کی طرح آنجہانی اداکارہ بھی ان کے لیے ماں سے کم نہیں تھیں اور ان کے درمیان بہت قریبی جذباتی رشتہ بن گیا تھا۔
سجل نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں سری دیوی جی کے بہت قریب تھی۔ بدقسمتی سے وہ بہت جلدی ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں۔ میں نے ان کے اور اپنے رشتے کے بارے میں کبھی بات نہیں کی، لیکن مجھے یہ کہنا پڑرہا ہے کہ یہ واقعی بدقسمتی کی بات ہے کہ ہم بطور فنکار دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں پھنس گئے ہیں۔
خیال رہے کہ 29 سالہ اداکارہ سجل علی نے 2017 میں آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے ساتھ Mom میں کام کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے جمائمہ گولڈ اسمتھ کی فلم ’Whats love got to do with it‘ سے ہالی وُڈ میں بھی ڈیبیو کیا ہے۔