لندن: صوفی اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر نے ترکی میں مولانا رومی کے مزار پر ریکارڈ کی گئی فیوزن قوالی دنیا بھر میں ریلیز کردی۔
ترکی کے شہر قونیہ میں مولانا رومی کے مزار پر ریکارڈ کی گئی سائرہ پیٹر کی فیوزن قوالی دنیا بھر میں ریلیز کردی گئی۔ سائرہ نے مولانا رومی کے صوفیانہ کلام کو خود ہی کمپوز کیا ہے اور قوالی کے اس فیوزن کو مولانا رومی کے مزار مبارک کے سامنے ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستانی نژاد برطانوی گلوکارہ سائرہ پیٹر کا کہنا ہے کہ جلال الدین رومیؒ ابتدائی علوم کی منازل طے کرنے کے بعد 19 سال کی عمر میں اپنے والد محترم کے ساتھ قونیہ چلے آئے۔ مولانا رومی کا کلام ایک طرف تو حکمت اور اعلیٰ خیالات کا گنجینہ ہے تو دوسری جانب شاعری کے محاسن سے پُر ہے۔ اُن کے کلام میں سادگی بھی ہے، سوزو گداز بھی ہے، عشق کی وارفتگی بھی اور وحدت کا اظہار بھی ہے۔ اگرچہ ان کی شاعری کا خاص موضوع روحانیت اور عشق حقیقی یا عشق الٰہی تھا، لیکن اس کے ساتھ انہوں نے مذہبی رواداری، اعتقادات، اخلاق، سخاوت، اچھائی اور تربیت کے موضوعات پر بھی بہت زور دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے محبت کی اہمیت اور حقیقت کے بارے میں بھی درس دیا۔
ان کی تعلیمات بتاتی ہیں کہ ظاہری و باطنی تمام علم انسان کے اپنے باطن میں موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ صوفیاء انسان کو اپنے باطن کے کھوجنے پر زور دیتے ہیں۔ مولانا رومی کے اشعار انسان کو اپنی اصل، یعنی اپنے باطن کی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ ان سب باتوں کو سامنے رکھتے ہوئے قوالی کا فیوزن بنایا۔ اس کی وڈیو کی شوٹنگ کے لیے قونیہ کے کلچرل ڈیپارٹمنٹ نے تعاون کیا۔ میں بہت جلد پاکستان آرہی ہوں۔ اپنا نیا سونگ پاکستان ہی سے ریلیز کروں گی۔