لندن: اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے ویلنٹائن ڈے پر نیا گانا یہ زندگی کبھی ہار نہ مانے ریلیز کردیا۔
سائرہ پیٹر نے ویلنٹائن ڈے پر نوجوانوں کے لیے آگے بڑھنے کے جذبے اور کامیابی کے پیغام کے ساتھ نیا گانا یہ زندگی کبھی ہار نہ مانے ریلیز کردیا، جس کی ویڈیو میں بین الاقوامی شہرت یافتہ رقاص گروپ نے حصہ لیا اور گانے کی موسیقی نامور فلمی موسیقار توفیق قریشی نے ترتیب دی ہے۔سائرہ پیٹر کا یہ پارٹی سونگ نوجوانوں کے لیے محبتوں کے عالمی دن پر خاص تحفہ ثابت ہوگا۔ یہ زندگی کبھی ہار نہ مانے کے بارے میں پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر کا کہنا ہے کہ میں نے اب تک سنجیدہ گیت اور صوفیانہ کلام زیادہ گائے ہیں۔ پہلی بار نوجوانوں کی پسند کو سامنے رکھتے ہوئے یہ گانا ریلیز کیا ہے۔ اس کی تیاری میں عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے حصہ لیا ہے۔ گانے کی وڈیو میں عالمی معیار کو سامنے رکھا گیا ہے، مجھے امید ہے نئی نسل کو یہ گانا ضرور پسند آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ موسیقار توفیق قریشی نے کمال کی موسیقی ترتیب دی ہے۔ میں نے کوشش کی کہ یہ گانا نوجوانوں کے دل جیت لے، کیوں کہ موسیقی سننے والوں میں سب سے زیادہ تعدادِ نوجوانوں کی ہے، یہ کسی بھی گانے کو سپرہٹ کروانے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ میں نے اپنے نئے گانے میں نوجوانوں کو ایک پیغام دیا ہے۔ زندگی ایک بار ملتی ہے۔ ہم سب کو اس کی قدر کرنی چاہیے۔ امید کا دامن ہرگز نہ چھوڑیں اور اپنی صلاحیتوں سے دنیا بھر میں نام روشن کریں۔