نامور مارشل آرٹسٹ جمیل چانڈیو کا وائس آف سندھ کا دورہ، خیر سگالی سفیر مقرر

کراچی: مارشل آرٹس کی دنیا میں پاکستان کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کرنے والی ممتاز شخصیت جمیل احمد چانڈیو نے گزشتہ روز وائس آف سندھ (VOS) کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر اُن کی وائس آف سندھ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عمیر ہارون سے ایک تفصیلی ملاقات ہوئی، جس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، سماجی ترقی، اور کھیلوں کے ذریعے قومی تعمیر جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔

وائس آف سندھ کے ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر جمیل احمد چانڈیو کا ڈاکٹر عمیر ہارون اور اُن کی ٹیم کی جانب سے پرتپاک اور پُرجوش استقبال کیا گیا۔ یہ ماحول باہمی احترام اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے مشترکہ جذبے کا عکاس تھا۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر عمیر ہارون نے جمیل احمد چانڈیو کو پاکستان کا اصل چہرہ قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر کک باکسنگ، کیوشن کراٹے، ہر طرح کے کمبیٹ اسپورٹس اور مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) کے فروغ میں چانڈیو صاحب کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر عمیر کا کہنا تھا کہ مارشل آرٹس صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ایک مکمل طرزِ زندگی ہے جو نوجوانوں کو طاقت، عزت، صبر اور خود اعتمادی جیسی خوبیاں سکھاتا ہے، جو کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں۔

اس موقع پر جمیل احمد چانڈیو نے وائس آف سندھ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ خاص طور پر نوجوان نسل کی تربیت، منشیات کے خلاف مہمات، اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے ادارے کی جدوجہد قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز نوجوانوں کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر عمیر ہارون نے جمیل احمد چانڈیو کو وائس آف سندھ کا خیرسگالی سفیر (Goodwill Ambassador) مقرر کیا اور ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک شیلڈ بھی پیش کی۔ جمیل احمد چانڈیو اب وائس آف سندھ کے ساتھ مل کر منشیات کے خلاف، اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے اس اعزاز پر ڈاکٹر عمیر ہارون کا شکریہ ادا کیا۔

جمیل احمد چانڈیو مارشل آرٹس کی دنیا کا ایک بڑا اور معتبر نام ہیں۔ وہ K-7 آرگنائزیشن کے بانی اور سی ای او ہیں، اور اس کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ آرگنائزیشن ملک بھر میں کیوکوشن کراٹے اور ایم ایم اے کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔ ان کے زیرِ تربیت متعدد کھلاڑی قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں اور پاکستان کا نام فخر سے بلند کر رہے ہیں۔

آخر میں، جمیل احمد چانڈیو کا وائس آف سندھ کے لیے ایک خصوصی پوڈکاسٹ بھی ریکارڈ کیا گیا، جو جلد ناظرین و سامعین کی خدمت میں پیش کیا جائے گا۔ اس پوڈکاسٹ کا مقصد نوجوانوں کو مارشل آرٹس کی اہمیت، نظم و ضبط، اور مثبت طرزِ زندگی کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔

یہ ملاقات وائس آف سندھ اور جمیل احمد چانڈیو کے درمیان ایک مضبوط شراکت داری کی شروعات ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو منفی رویوں سے بچا کر ایک بہتر، بااعتماد اور منشیات سے پاک پاکستان کی تعمیر میں مدد فراہم کرنا ہے۔

CEOCoachFounderGoodwill Ambassador AppointedJamil Ahmed ChandioK-7 OrganizationMarshal artistmeetPD Dr Umair HaroonPodcastVisit Voice of Sindh