لاہور: غلطی سے سرحد عبور کرنے والے پاکستانی شہری کو بھارتی حکومت نے ڈھائی سال بعد رہا کردیا۔ شہباز احمد واہگہ بارڈر کے راستے واپس وطن پہنچ گیا۔
نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ شہباز احمد گزشتہ ڈھائی سال سے بھارتی شہر امرتسر کی سینٹرل جیل میں قید تھا۔
حکام کے مطابق شہباز احمد نارووال کے علاقے سے غلطی سے سرحد عبور کرکے بھارتی حدود میں داخل ہوگیا تھا۔
بھارتی سیکیورٹی حکام نے شہباز احمد کو حراست میں لے کر ان پر غیر قانونی طریقے سے بھارت میں داخل ہونے اور فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کی کوششوں سے نوجوان کو رہائی نصیب ہوئی۔ شہباز احمد کو بھارتی حکام نے جمعہ کو واہگہ بارڈر پر پنجاب رینجرز کے حوالے کیا۔
شہباز احمد جیسے ہی اپنے وطن کی حدود میں داخل ہوا تو خوشی سے اس کا چہرہ دمک اٹھا۔ اس نے قومی پرچم لہراتے ہوئے حکام کا شکریہ ادا کیا۔