کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی مارشل آرٹس ایکسپرٹ راشد نسیم نے 2021 کا پہلا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
محمد راشد نسیم کے ریکارڈ پر ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔
راشد نسیم نے گنیز ورلڈ ریکارڈ مقابلوں میں ایک مرتبہ پھر بھارتی کھلاڑی کو شکست دے کر 2021 کا پہلا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور اس طرح انفرادی طور پر ان کے ریکارڈ کی تعداد 64 ہوگئی جب کہ ان کی اکیڈمی اب تک 78 ریکارڈز پاکستان کے نام کرچکی ہے۔
راشد نسیم نے اس مرتبہ 3 منٹ میں 10 کلو وزن کے ساتھ 159 مارشل آرٹس ککس مار کر عالمی ریکارڈ چکنا چُور کیا۔
انہوں نے بھارتی کھلاڑی نارائن کو شکست دی، جنہوں نے پہلے 138 ککس ٹارگٹ پر ہٹ کر کے عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سال 2021 میں پہلا اور انفرادی طور پر راشد نسیم کا 64 واں ریکارڈ منظور کرلیا گیا ہے۔
راشد نسیم نے کمال مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے واضح مارجن سے یہ ریکارڈ پاکستان کے نام کیا۔
حال ہی میں راشد کو بروس لی آف پاکستان کے لقب سے نوازنے والے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے ادارے نے پہلے راشد نسیم سے خصوصی طور پر رابطہ کیا تھا۔
اس ضمن میں راشد نسیم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے جلد از جلد 100 ریکارڈ بنانا چاہتا ہوں۔